تاثیر 1 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
علی گڑھ، یکم نومبر: سردار ولبھ بھائی پٹیل کے 150ویں یوم پیدائش کے موقع پر 31 اکتوبر کو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں ”راشٹریہ ایکتا دیوس“ (قومی یوم اتحاد) کی سرگرمیاں منعقد کی گئیں اور اتحاد کا حلف لیا گیا۔ شعبہ کیمسٹری میں، صدر شعبہ پروفیسر زیبا این صدیقی کی موجودگی میں اساتذہ، ریسرچ اسکالرز اور طلبہ نے راشٹریہ ایکتا دیوس کا حلف لیا اور سردار پٹیل کی زندگی، وژن اور قوم کی تعمیر میں اجتماعی ذمہ داری کے پیغام کو یاد کیا۔
اے ایم یو کی نیشنل سروس اسکیم (این ایس ایس) اکائی میں حاضرین نے قومی اتحاد کا حلف لیا اور رن فار یونٹی میں بھی حصہ لیا۔ پروگرام افسران اور رضاکاروں نے جوش و خروش کے ساتھ اس میں شرکت کی اور قومی یکجہتی میں سردار پٹیل کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ تقریب کا اختتام قومی ترانے کے ساتھ ہوا۔ اے ایم یو سنٹر، کشن گنج میں اساتذہ، طلبہ اور عملے کے اراکین نے اجتماعی طور سے اتحاد کا حلف لیا۔ اس موقع پر مقررین نے ملک کی سا لمیت میں سردار پٹیل کے تاریخی کردار کو اجاگر کیا اور طلبہ پر زور دیا کہ وہ ان کے نظریات کو اپنائیں۔ احمدی اسکول برائے نابینا طلبہ میں اسکول کی پرنسپل ڈاکٹر نائلہ راشد کی قیادت میں یہ دن منایا گیا اور اتحاد کا حلف لیا گیا۔ ڈاکٹر نائلہ راشد نے طلبہ اور عملے کے اراکین پر زور دیا کہ وہ سردار پٹیل کے اصولوں پر عمل کریں اور ایک مضبوط قوم کے لیے ڈسپلن، تعاون اور باہمی احترام کے جذبہ کو فروغ دیں۔

