تاثیر 2 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ/ آرا، 2 نومبر:بہار اسمبلی انتخابات کو لے کر سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ تمام جماعتوں کے رہنما عوام کو راغب کرنے میں مصروف ہیں۔ اس تناظر میں وزیر اعظم نریندر مودی اتوارکے روز بہار میں دو عوامی جلسے اور ایک روڈ شو کر رہے ہیں۔ انہوں نے آرا میں اپنی پہلی عوامی ریلی کی اور نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے منشور میں کئے گئے وعدوں کو ہر قیمت پر پورا کرنے کا دعویٰ کیا۔ انہوں نے اپوزیشن کے عظیم اتحاد کو بھی نشانہ بنایا۔
بہار کے آرا میں قومی جمہوری اتحاد کے امیدواروں کی حمایت میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ این ڈی اے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ بہار کے نوجوان بہار میں کام کریں اور بہار کی شان میں اضافہ کریں۔ اس مقصد کے لیے ہم نے آنے والے دنوں میں ایک کروڑ روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ یہ صرف ایک اعلان نہیں ہے۔ ہم نے اسے حقیقت بنانے کے لیے ایک ٹھوس منصوبہ پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے نے منشور میں کئے گئے وعدوں کو پورا کیا ہے اور کرتا رہے گا۔

