راج ٹھاکرے کی نئی پوسٹ سیاسی بحث کا مرکز، ترقی نہیں،عوام کو دھوکہ دیا گیا

تاثیر 2 نومبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 2 نومبر:مہاراشٹر نونرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے ایک بار پھر اپنی تازہ رائے کی وجہ سے سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بن گئے ہیں۔ اب انہوں نے ایک پوسٹ جاری کی ہے جو فلم ’’پنہا شیواجی راجے بھوسلے‘‘ اور موجودہ حکومت کے طرز حکمرانی سے متعلق ہے۔ یہ فلم معروف ہدایت کار مہیش منجریکر نے بنائی ہے اور راج ٹھاکرے نے اپنے تبصرے میں فلم کی بے حد تعریف کرتے ہوئے حکومت پر سخت تنقید کی۔راج ٹھاکرے نے لکھا کہ انہوں نے دو دن قبل اپنے دوست اور ممتاز فلم ساز مہیش منجریکر کی نئی فلم ’’پنہا شیواجی راجے بھوسلے‘‘ دیکھی۔ ان کے مطابق معاصر دور کی بڑی بڑی باتیں کرنے والے لوگ موجود ہیں، مگر حقیقت میں بہت کم فلمیں واقعی حالات کا درست عکس پیش کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص آج کے سیاسی اور سماجی حالات پر مبنی حقیقی فلم دیکھنا چاہتا ہے تو اس کے لیے یہ فلم بہترین مثال ہے، اور اس کا موازنہ کسی اور فلم سے نہیں کیا جا سکتا۔