تاثیر 25 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بہار شریف (دانش)نالنڈہ ضلع ہیڈکوارٹر کے بہار تھانہ علاقے کے صوفی نگر محلے میں جمعرات کے روز پیش آئے فائرنگ کے واقعہ میں زخمی ہونے والے باپ بیٹے میں سے باپ محمد سوہن نے آج دم توڑ دیا۔ ان کا علاج پٹنہ کے پی ایم سی ایچ میں جاری تھا۔واضح رہے کہ جمعرات کی شام اس جان لیوا حملے میں محمد سوہن اور ان کے بیٹے علی فرحان کو شرپسند عناصر نے سرِعام نشانہ بنایا تھا۔ محمد سوہن کی موت کی تصدیق کے بعد پولیس نے پوسٹ مارٹم کروا کر لاش اہل خانہ کے حوالے کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق محمد سوہن نماز ادا کرنے کے بعد دودھ لے کر اپنے گھر کے باہر کھڑے تھے کہ اسی دوران مسلح حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ حملہ آوروں نے خاص طور پر ان کے چہرے کو نشانہ بنایا، گولی چہرہ چیرتی ہوئی پیچھے کھڑے ان کے بیٹے علی فرحان کے کندھے اور سینے کے قریب جا لگی۔ اچانک ہوئی اس فائرنگ سے پورے صوفی نگر علاقے میں سنسنی پھیل گئی اور لوگ اپنی جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگنے لگے۔ واقعہ کے فوراً بعد مقامی لوگوں اور اہل خانہ نے شدید زخمی باپ بیٹے کو فوری طور پر مقامی ماڈل اسپتال پہنچایا۔ وہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی علاج کے بعد محمد سوہن کی حالت نازک دیکھتے ہوئے انہیں بہتر علاج کے لیے ہائر سینٹر ریفر کر دیا، جبکہ علی فرحان کا علاج مقامی سطح پر جاری رہا اور ان کی جان بچ گئی۔پولیس نے اس واقعہ کے سلسلے میں دو افراد کے خلاف نامزد ایف آئی آر درج کر لی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں مسلسل چھاپہ ماری کر رہی ہیں۔ واقعہ کے بعد علاقے میں احتیاطی طور پر پولیس گشت میں اضافہ کر دیا گیا ہے تاکہ صورتحال قابو میں رہے۔

