تاثیر 23 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کولکاتہ، 23 اپریل :۔مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے دوران جمعرات کو کئی اضلاع سے تشدد، جھڑپوں، توڑ پھوڑ، حملے، پولنگ اسٹیشنوں پر کشیدگی اور ووٹنگ مشینوں میں خرابی کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ 16 اضلاع کی 152 نشستوں کے لیے صبح 7 بجے ووٹنگ شروع ہوئی، تاہم کئی حساس علاقوں میں شروع سے ہی کشیدگی کا ماحول رہا۔ ان متعدد واقعات نے پرامن انتخابات کے دعووں پر شکوک پیدا کر دیے ہیں۔
سب سے سنگین واقعہ بیربھوم ضلع کے لابھ پور اسمبلی حلقہ میں پیش آیا، جہاں ترنمول کانگریس پر بھرمارکول علاقے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے پولنگ ایجنٹ پر حملہ کرنے کا الزام لگایا گیا۔ وشو جیت منڈل کے سر پر شدید چوٹیں آئیں ۔ اس واقعے سے علاقے میں بڑے پیمانے پر کشیدگی پھیل گئی، جس کے بعد سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کی گئی۔
مرشدآباد ضلع کے نووادا میں صبح سے ہی کئی بار کشیدگی برقرار رہی جہاں دو سیاسی جماعتوں کے حامیوں میں تصادم ہوا۔ الزام ہے کہ ایک رہنما کے قافلے پر حملہ کیا گیا، ان کی گاڑی کی توڑ پھوڑ کی گئی اور پولنگ ایجنٹ کی گاڑی پر پتھراو¿ کیا گیا۔ مزید برآں سڑک پر بانس رکھ کر قافلے کو روکنے کی کوشش کی گئی۔ صورتحال بگڑنے کے بعد مرکزی سیکورٹی فورسز نے چارج سنبھال لیا اور کافی کوشش کے بعد حالات کو قابو میں کیا۔ بعد ازاں احتجاجاً متعلقہ رہنما سڑک پر کرسیاں رکھ کر احتجاجی دھرنے پر بیٹھ گئے۔

