تاثیر 22 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ،(فضاامام):جنتادل (یونائٹڈ) نے اپنے قومی عہدیداران کی نئی فہرست جاری کرتے ہوئے تنظیم کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کا واضح پیغام دیا ہے۔ پارٹی کے قومی صدر جناب نتیش کمار کی قیادت میں جاری اس فہرست میں سینئر رہنما جناب سنجے کمار جھا کو قومی کارگزار صدر کی اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے۔سیاسی حلقوں کے مطابق یہ فیصلہ پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مستحکم کرنے اور زمینی سطح تک رسائی کو مزید بہتر بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ سنجے کمار جھا اپنی متوازن قیادت، تنظیمی صلاحیت اور کارکنان کے درمیان مضبوط رابطے کے لیے جانے جاتے ہیں۔ ان کی قیادت میں پارٹی کو قومی سطح پر نئی رفتار ملنے کی امید ظاہر کی جارہی ہے۔اس موقع پر جنتادل (یو) کے رہنما اور آل انڈیا مسلم بیداری کارواں کے قومی صدر نظرعالم نے سنجے کمار جھا کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ دوراندیش قیادت کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ “سنجے کمار جھا جیسے تجربہ کار اور مخلص رہنما کو یہ ذمہ داری ملنا پورے تنظیم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کی رہنمائی میں پارٹی مزید مضبوط ہوگی اور سماج کے ہر طبقے تک ترقی اور اعتماد کا پیغام پہنچے گا۔”نظرعالم نے مزید کہا کہ جنتادل (یو) کی یہ نئی ٹیم شمولیتی ترقی، سماجی ہم آہنگی اور اچھے نظم و نسق کے عزم کو مزید تقویت دے گی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ پارٹی آنے والے دنوں میں عوامی توقعات پر پوری اترے گی اور بہار سمیت ملک بھر میں اپنی مضبوط موجودگی درج کرائے گی۔پارٹی کارکنان اور حامیوں میں اس اعلان کو لے کر خوشی اور جوش و خروش پایا جارہا ہے، اور سبھی نے نئی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے بہتر مستقبل کی امید ظاہر کی ہے۔

