تاثیر 28 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 28 اپریل:بہار کی صنعتی ترقی کو ایک نئی سمت دینے کی پہل کے تحت بہت چھوٹے، چھوٹے اور درمیانی درجے کے کاروباری اداروں ( ایم ایس ایم ای) ٹیکنالوجی سینٹر کا منگل کے روز پٹنہ کے بہٹا میں افتتاح کیا گیا۔ بہت چھوٹے، چھوٹے اور درمیانی درجے کے کاروباری اداروں کے مرکزی وزیر جیتن رام مانجھی اور بہار کے وزیر اعلی سمراٹ چودھری نے مشترکہ طور پر اس مرکز کا افتتاح کیا۔ اس مرکز کو ریاست میں تکنیکی تربیت، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور انٹرپرینیورشپ کی ترقی کو فروغ دینے کی طرف ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر جیتن رام مانجھی نے کہا کہ آج کا دن بہار کی صنعتی تاریخ میں ایک نئے باب کا آغاز کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹکنالوجی سنٹر اور اس کے بہٹا میں توسیعی مراکز جدید تکنیکی تربیت فراہم کریں گے اور مقامی نوجوانوں اور کاروباری افراد کو بااختیار بنائیں گے، انہیں قومی اور عالمی منڈیوں سے جڑنے کے مواقع فراہم کریں گے۔ انہوں نے اسے زمینی سطح پر “آتم نربھر بھارت” کے وژن کو پورا کرنے کی سمت میں ایک ٹھوس پہل قرار دیا۔
وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ٹیکنالوجی سینٹر ’’میک ان بہار‘‘ کے وژن کو آگے بڑھانے میں اہم رول ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بہار تیزی سے صنعتی ترقی کی طرف بڑھ رہا ہے اور یہ مرکز اس تبدیلی کی ایک طاقتور علامت بن جائے گا۔ ریاستی حکومت کا مقصد نوجوانوں کو اعلیٰ ہنر، جدید وسائل اور سازگار ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ نہ صرف ملازمت کے متلاشی بن سکیں بلکہ روزگار کے تخلیق کار بھی بن سکیں۔

