جعلی کلینکوں پر انتظامیہ کا شکنجہ سخت

 

ڈی ایم رچی پانڈے کی ہدایت پر کرن چوک–اسپتال روڈ میں چھاپہ، 2 کلینک اور 1 جانچ گھر سیل
سیتامڑھی،( مظفر عالم)
ضلع میں غیر قانونی طور پر چل رہے کلینکوں اور جانچ گھروں کے خلاف ضلع انتظامیہ نے سخت کارروائی کرتے ہوئے شہر کے کرن چوک–اسپتال روڈ علاقے میں خصوصی مہم چلائی۔ ضلع مجسٹریٹ رچی پانڈے کی ہدایت پر محکمۂ صحت اور نگر تھانہ کی مشترکہ ٹیم نے اچانک چھاپہ مار کر کئی اداروں میں سنگین بے ضابطگیوں کا انکشاف کیا۔ ڈمرا پی ایچ سی کے انچارج ڈاکٹر اکشے کمار کی قیادت میں ٹیم نے مختلف نجی نرسنگ ہوم، کلینک اور پیتھالوجی جانچ گھروں کا معائنہ کیا۔ اس دوران سنکلپ ایمرجنسی ہاسپٹل، ناراینی ہیلتھ کیئر اور ایس آر وی جانچ گھر سمیت چار اداروں کی جانچ کی گئی۔ جانچ کے دوران کئی مقامات پر ضروری لائسنس اور قانونی دستاویزات کی کمی پائی گئی، جبکہ محکمۂ صحت کے طے شدہ معیاروں کی کھلم کھلا خلاف ورزی بھی سامنے آئی۔ بعض ادارے بغیر مجاز اجازت کے ہی چلائے جا رہے تھے، جس سے مریضوں کی حفاظت پر سنگین سوالات کھڑے ہو گئے۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 2 کلینک اور 1 جانچ گھر کو سیل کر دیا۔ چھاپہ ماری کے دوران علاقے میں افرا تفری کا ماحول دیکھنے کو ملا اور کئی کلینک چلانے والے شٹر گرا کر موقع سے فرار ہو گئے۔ اس مہم میں نگر تھانہ کے ایس آئی سوہت یادو، صحت کارکن روشن کمار سمیت دیگر عملہ اور پولیس فورس موجود رہی۔ ڈاکٹر اکشے کمار نے بتایا کہ جانچ میں کئی اداروں کی جانب سے ضابطوں کی خلاف ورزی سامنے آئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مریضوں کی زندگی سے کھلواڑ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور آئندہ بھی ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ضلع انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ علاج کے لیے صرف رجسٹرڈ اور منظور شدہ طبی اداروں کا ہی انتخاب کریں۔ ساتھ ہی خبردار کیا گیا ہے کہ بغیر رجسٹریشن یا قواعد کے خلاف چلنے والے کسی بھی کلینک، ہاسپٹل یا جانچ گھر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔