تاثیر 21 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن/ تہران، 21 اپریل :۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پیر کو کہا کہ ایران پر بدھ کو اسلام آباد میں شروع ہونے والے مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت کے لیے کوئی دباؤ نہیں ہے۔ نائب صدر جے ڈی وینس ان مذاکرات میں امریکی فریق کی قیادت کریں گے۔ ٹرمپ کا یہ بیان ان مذاکرات کے حوالے سے ایران کے تبصروں کے بعد سامنے آیا ہے۔ ایران نے کہا کہ اس کا اسلام آباد مذاکرات میں شرکت کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
امریکی فوج کی وجہ سے آبنائے ہرمز پر کشدیگی ہفتے کے آخر میں مزید بڑھ گئی ہے ۔ امریکی فوج نے ایک ایرانی بحری جہاز پر فائرنگ کرکے اسے قبضے میں لے لیاہے۔ اس کے بعد تہران نے اپنی بندرگاہوں اور برآمدات کی جاری ناکہ بندی کے درمیان سفارتی مذاکرات کو قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے ۔ سات ہفتوں سے جاری تنازع کے سفارتی حل کے لیے کوئی واضح راستہ نہ ہونے کے باعث صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔ اس ہفتے امریکہ -ایران جنگ بندی کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کے دوبارہ کھلنے پر غیر یقینی صورتحال تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے کا باعث بنی ہے ۔اس سے امریکی اسٹاک مارکیٹ پر دباؤ ہے۔

