جسم فروشی کے منظم ریکیٹ کا انکشاف، ڈھابے میں ٹوکن سسٹم کے ذریعے چل رہا تھا گھناؤنا دھندا

تاثیر 15 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

مظفرپور( نزہت جہاں)ضلع کے گڑہا تھانہ علاقے کے تحت پٹیاسا میں این ایچ-27 کے کنارے واقع ایک ڈھابے میں چل رہے منظم جسم فروشی ریکیٹ کا پولیس نے بڑا انکشاف کیا ہے۔ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر پٹیاسا پٹرول پمپ کے قریب واقع “موہنی ڈھابہ” پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران اس غیر قانونی سرگرمی کا پردہ فاش ہوا۔
اس کارروائی کی قیادت ایس ڈی پی او ٹاؤن-ٹو بنیتا سنہا نے کی، جس میں ہیومن ٹریفکنگ یونٹ کی ٹیم بھی شامل رہی۔ سٹی ایس پی محب اللہ انصاری کے مطابق ڈھابے میں جسم فروشی کا کاروبار نہایت منظم طریقے سے چلایا جا رہا تھا۔ گاہکوں کو داخلے کے لیے ٹوکن دیے جاتے تھے اور تمام لین دین کا ریکارڈ باقاعدہ رجسٹر میں درج کیا جاتا تھا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ دھندا کافی عرصے سے جاری تھا۔
پولیس کارروائی کی خبر ملتے ہی کئی ملزمان موقع سے فرار ہو گئے، تاہم ٹیم نے دو خواتین کو بحفاظت ریسکیو کر لیا ہے اور انہیں تحفظ میں رکھا گیا ہے۔
ریسکیو کی گئی خواتین نے پوچھ تاچھ کے دوران انکشاف کیا کہ ڈھابے کے مینیجر نے ان کی نازیبا ویڈیوز بنا لی تھیں اور انہیں وائرل کرنے کی دھمکی دے کر زبردستی جسم فروشی پر مجبور کیا جاتا تھا۔ انکار کرنے پر مارپیٹ اور ذہنی اذیت دی جاتی تھی۔ خواتین کے مطابق مختلف مقامات سے گاہکوں کو بلایا جاتا تھا اور اس پورے نیٹ ورک میں ڈھابے کا مینیجر اور لائنر اہم کردار ادا کرتے تھے، جبکہ امیت کمار مالی لین دین سنبھالتا تھا۔
سٹی ایس پی نے بتایا کہ اس معاملے میں دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر کی شناخت ہو چکی ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ڈھابے کا مالک فی الحال فرار ہے۔
پولیس پورے نیٹ ورک کی گہرائی سے تفتیش کر رہی ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ ریکیٹ کافی عرصے سے سرگرم تھا اور اس میں مزید افراد بھی شامل ہو سکتے ہیں۔ معاملے میں مزید کارروائی جاری ہے۔