جموں-سری نگر ریلوے کوریڈور کی پٹریوں کو ڈبل کیا جائے گا۔اشونی ویشنو

تاثیر 30 اپریل ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں, 30 اپریل :مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو نے جمعرات کو جموں سے کٹرا تک توسیع شدہ وندے بھارت ایکسپریس کے افتتاح کے موقع پر اعلان کیا کہ جموں-سری نگر ریلوے کوریڈور کی پٹریوں کو دوہرا (ڈبل) کیا جائے گا تاکہ ٹرینوں کی تعداد میں اضافہ ممکن ہو سکے۔جموں ریلوے اسٹیشن پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے کی حفاظت اور سیکورٹی کے لیے دیکھ بھال کے نظام کو مضبوط بنانا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ قاضی گنڈ سے سرینگر تک ریلوے لائن کو دوہرا کرنے سے اس روٹ پر مزید ٹرینیں چلائی جا سکیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ یورپ میں بھی یہی ٹیکنالوجی استعمال ہو رہی ہے اور اب اسے جموں و کشمیر میں بھی نافذ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس ریلوے لائن سے مال برداری کو بھی بڑا فائدہ پہنچا ہے اور کشمیر سے دہلی تک تقریباً دو کروڑ کلوگرام سیب کی ترسیل کی جا چکی ہے جبکہ چیری کی ترسیل کے لیے 32 بوگیاں بک کی گئی ہیں۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ جموں-کٹرا-سری نگر روٹ پر چلنے والی وندے بھارت ایکسپریس بڑی کامیابی ثابت ہوئی ہے، جس میں سو فیصد نشستیں بھر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کی بدولت یہ ٹرین منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں بھی بآسانی چل سکتی ہے اور اس میں پانی کے جم جانے کا مسئلہ بھی پیش نہیں آتا۔ اس ٹرین میں تقریباً 3000 مائیکروچپس نصب کی جا رہی ہیں اور 20 کوچز پر مشتمل نئی ریک تیار کی گئی ہے۔تقریب میں جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور مرکزی وزیر جتیندر سنگھ بھی موجود تھے۔