آندھرا پردیش نے پی ایم-سیتو اسکیم کے تحت پہلے سرمایہ کاری منصوبے کو منظوری دی

تاثیر 30 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 30مئی: پردھان منتری اسکل ڈیولپمنٹ اینڈ انٹرپرینیورشپ ٹرانسفارمیشن یوجنا (پی ایم-ایس ای ٹی یو) کے تحت ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے مرکزی حکومت نے آرسلر متل نپون اسٹیل انڈیا کے ذریعے پیش کردہ وشاکھاپٹنم آئی ٹی آئی کلسٹر کے اسٹریٹجک انویسٹمنٹ پلان (ایس آئی پی) کو منظوری دے دی ہے۔ پی ایم سیتو اسکیم کے تحت منظور کیا جانے والا یہ پہلا سرمایہ کاری منصوبہ ہے۔ اس کے ساتھ آندھرا پردیش صنعتی شراکت داری ماڈل کو نافذ کرنے والی ملک کی پہلی ریاست بن گئی ہے۔
ہنر مندی کے فروغ اور صنعت کاری کی مرکزی وزارت کے مطابق، اس منصوبے کو نئی دہلی کے کوشل بھون میں منعقدہ ایک اعلی سطحی اجلاس میں منظوری دی گئی۔ میٹنگ کی صدارت وزارت کی سکریٹری دیباسری مکھرجی نے کی۔ اس میں ڈائریکٹر جنرل، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریننگ (ڈی جی ٹی) دلیپ کمار، نیشنل اسٹیئرنگ کمیٹی کے ممبران، کمیشن فار کیپیسٹی بلڈنگ، نیشنل کونسل فار ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (این سی وی ای ٹی)، وزارت تجارت و صنعت، وزارت بھاری صنعت اور وزارت محنت و روزگار کے سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔