شمالی ہوڑہ سے بی جے پی امیدوار امیش رائے کی بڑی جیت، ترقی اور سخت کارروائی کے وعدے

تاثیر 4 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 04/ مئی (محمد نعیم) مغربی بنگال اسمبلی انتخابات 2026 میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدوار امیش رائے نے شمالی ہوڑہ میں کثیر ووٹوں سے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنی سیاسی طاقت کا لوہا منوا لیا ہے۔ اپنی جیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیش رائے نے اس کامیابی کا سہرا ہندوتوا نظریہ کے اہم رہنما ویر ساورکر کے افکار کو دیا۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے تبدیلی کے حق میں فیصلہ سنایا ہے اور اب ریاست میں قانون کی حکمرانی قائم کی جائے گی۔ امیش رائے نے سخت لہجے میں کہا کہ “ترنمول کانگریس کے غنڈہ عناصر کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا اور ریاست میں امن و امان کو یقینی بنایا جائے گا۔” انہوں نے اپنے مستقبل کے منصوبوں کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت بننے کے بعد روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے اور نوجوانوں کو باعزت روزگار فراہم کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بنگال کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام انجام دیے جائیں گے۔
خواتین کی فلاح و بہبود کے حوالے سے امیش رائے نے اعلان کیا کہ ریاست کی خواتین کو ماہانہ تین ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی تاکہ وہ خود کفیل بن سکیں اور سماجی و معاشی طور پر مضبوط ہوں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق امیش رائے کی یہ جیت نہ صرف بی جے پی کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے بلکہ مغربی بنگال کی سیاست میں ایک نئی سمت کا اشارہ بھی سمجھی جا رہی ہے۔