ادھم پور کے سمرولی میں منشیات فروش کی جائیداد پر چلا بلڈوزر

تاثیر 22 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں, 22 مئی:منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت اْدھم پور پولیس نے بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے مبینہ منشیات فروش ترلوچن دت کی غیر قانونی جائیداد کو مسمار کر دیا۔ پولیس اور ضلع انتظامیہ کی مشترکہ ٹیم نے سمرولی گاؤں میں واقع تقریباً 10 لاکھ روپے مالیت کی مبینہ غیر قانونی جائیداد پر بلڈوزر چلا دیا۔پولیس کے مطابق ترلوچن دت ولد ہنس راج سکنہ سمرولی، ضلع اْدھم پور کا سرگرم منشیات فروش ہے اور اس کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کئی مقدمات درج ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے منشیات کے کاروبار سے حاصل رقم سے یہ تعمیرات کھڑی کی تھیں۔ایس ایس پی اْدھم پور امرت پال سنگھ کی ہدایت پر بھاری پولیس نفری اور محکمہ مال کی ٹیم سمرولی پہنچی۔ کارروائی سے قبل علاقے میں منادی کرا کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جس کے بعد بلڈوزر کے ذریعے مبینہ غیر قانونی ڈھانچے کو منہدم کر دیا گیا۔