سی او ڈولی جھا نے متاثرہ خاندان کو پہنچائی فوری راحت

تاثیر 8 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سیتامڑھی: (مظفر عالم) ڈمرا بلاک علاقے میں حالیہ شدید آندھی نے کئی غریب خاندانوں کی مشکلات بڑھا دیں۔ دھودھنا گاؤں کے رہائشی رام دیال مکھیا کے بیٹے لال پرساد مکھیا کا گھر بھی تیز ہوا کی زد میں آکر بری طرح متاثر ہوگیا، جس کے بعد پورا خاندان کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہوگیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈمرا کی انچل افسر (سی او) ڈولی جھا نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری راحتی کارروائی شروع کر دی۔ انچل دفتر میں متاثرہ لال پرساد مکھیا کو عارضی رہائش کے لیے فوری طور پر پالی تھین شیٹ فراہم کی گئی، تاکہ خاندان خراب موسم اور بارش سے محفوظ رہ سکے۔ سی او ڈولی جھا نے کہا کہ قدرتی آفات سے متاثر لوگوں کی مدد کرنا انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے متعلقہ اہلکاروں کو ہدایت دی کہ آندھی، بارش یا دیگر قدرتی آفات سے متاثر خاندانوں کا فوری سروے کرکے ضرورت کے مطابق راحتی سامان فراہم کیا جائے، تاکہ کوئی بھی ضرورت مند مشکل حالات میں بے سہارا نہ رہے۔ انتظامیہ کی اس فوری اور حساس کارروائی پر مقامی لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ دیہاتیوں کا کہنا ہے کہ بروقت ملی مدد نے متاثرہ خاندان کو بڑا سہارا دیا ہے۔ لوگوں نے ڈمرا انتظامیہ کی تیزی اور انسان دوستی کی تعریف کی۔ انتظامیہ نے یقین دلایا ہے کہ بلاک علاقے میں قدرتی آفات سے متاثر ہر ضرورت مند خاندان کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی، تاکہ مصیبت کی گھڑی میں لوگوں کو فوری راحت مل سکے۔