تاثیر 22 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
احمد آباد، 22 مئی: انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 میں چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کی مہم گجرات ٹائٹنز کے خلاف 89 رنوں کی شکست کے ساتھ ختم ہو گئی۔ حالانکہ ٹیم پلے آف میں جگہ بنانے سے چوک گئی، لیکن کپتان رتوراج گائیکواڑ نے پورے سیزن میں ٹیم کی جدوجہد اور نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی پر فخر کا اظہار کیا۔
سی ایس کے نے سیزن کا آغاز مسلسل تین ہار کے ساتھ کیا تھا، لیکن بعد میں ٹیم نے شاندار واپسی کرتے ہوئے پلے آف کی امیدوں کو آخری لیگ میچ تک زندہ رکھا۔ ٹیم نے 14 مقابلوں میں 6 جیت اور 8 شکست کے ساتھ اپنی مہم کا اختتام کیا۔ میچ کے بعد گائیکواڑ نے کہا، ’’سیزن کا آغاز ہمارے لیے کافی مشکل رہا، خاص کر مسلسل تین شکست کے بعد۔ لیکن اس کے بعد جب ہمیں صحیح توازن ملا تو ٹیم نے اچھا کرکٹ کھیلنا شروع کیا۔ بدقسمتی سے پھر چوٹوں نے ہمیں پریشان کیا۔ جیمی اوورٹن اور رام کرشن گھوش جیسے آل راونڈرز کی کمی سے ٹیم کا توازن بگڑ گیا۔ آخری تین میچوں میں ہمیں کبھی ایک بلے باز کم تو کبھی ایک گیند باز کم کے ساتھ میدان میں اترنا پڑا۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ٹیم اس وقت تبدیلی کے دور سے گزر رہی ہے اور نوجوان کھلاڑیوں کو تجربہ فراہم کرنے کا کام اس سیزن میں کامیابی کے ساتھ ہوا۔ ’’بہت سے لوگ اس بات کو نہیں مانتے کہ ہم ایک نوجوان ٹیم ہیں اور تبدیلی کے دور میں ہیں۔ ہمارے 8 سے 10 کھلاڑی ایسے تھے جنہوں نے 20 سے بھی کم آئی پی ایل میچ کھیلے تھے۔ ایسے میں چھ جیت حاصل کرنا اور کچھ شاندار مقابلے جیتنا فخر کی بات ہے۔‘‘

