اردو زبان کے فروغ کے تحت مباحثہ مقابلے کا انعقاد

تاثیر 20 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

دربھنگہ(فضا امام): اردو ڈائریکٹوریٹ، کابینہ سکریٹریٹ محکمہ، حکومتِ بہار کے زیرِ اہتمام ضلعی سطح پر ’’اردو داں طلبہ و طالبات حوصلہ افزائی ریاستی منصوبہ‘‘ کے تحت مباحثہ مقابلے کا انعقاد ضلع اردو زبان سیل دربھنگہ کی جانب سے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر سبھاگار میں کیا گیا۔تقریب کا افتتاح کوشل کمار ضلع مجسٹریٹ دربھنگہ، ضلع تعلقاتِ عامہ کے ڈائریکٹر ستیندر پرساد اور ضلع اقلیتی فلاحی افسر آنند کمار نے مشترکہ طور پر شمع روشن کرکے کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ نے مباحثہ مقابلے میں حصہ لینے والے تمام طلبہ و طالبات کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام محض تقریری مقابلہ نہیں بلکہ ہماری ثقافتی عظمت، لسانی وراثت اور نوجوان صلاحیتوں کے احترام کا جشن ہے۔ حکومتِ بہار کے کابینہ سکریٹریٹ محکمہ کی جانب سے ’’اردو داں طلبہ و طالبات حوصلہ افزائی منصوبہ‘‘ کے تحت منعقد یہ مقابلہ یقیناً طلبہ کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرے گضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ اردو صرف ایک زبان نہیں بلکہ ہماری مشترکہ تہذیب، بھائی چارے، قومی یکجہتی اور انسانی اقدار کی خوبصورت علامت ہے۔ یہ زبان محبت، امن اور ادب کا پیغام دیتی ہے۔ انہیں خوشی ہے کہ دربھنگہ جیسے تعلیمی اور ثقافتی طور پر زرخیز ضلع میں اس نوعیت کے پروگرام کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات حصہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تقریری مقابلے صرف اسٹیج پر اظہارِ خیال کا موقع نہیں ہوتے بلکہ یہ خود اعتمادی، اظہار کی صلاحیت، علم اور قیادت کی خوبیوں کو فروغ دینے کا اہم ذریعہ ہیں۔ آج جو طلبہ اسٹیج پر اپنی بات رکھ رہے ہیں، وہ مستقبل میں سماج اور ملک کی قیادت بھی کر سکتے ہیں۔ اس لیے جیت اور ہار کی فکر کیے بغیر اعتماد کے ساتھ اپنی بات پیش کرنی چاہیے۔ضلع مجسٹریٹ نے مزید کہا کہ آج کے مقررہ موضوعات — تعلیم کی اہمیت، خواتین کی تعلیم، قومی یکجہتی، اردو ادب اور کمپیوٹر — صرف مقابلے کے عنوانات نہیں بلکہ ہمارے سماج اور مستقبل سے جڑے اہم مسائل ہیں۔ انہیں یقین ہے کہ طلبہ اپنے خیالات کے ذریعے سماج کو مثبت سمت دینے کا کام کریں گے۔انہوں نے خصوصی طور پر طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ تعلیم، خود انحصاری اور قیادت کے میدان میں آگے آئیں، کیونکہ جب بیٹیاں تعلیم یافتہ اور بااختیار ہوں گی تبھی سماج اور ملک مضبوط ہوگا۔ضلع مجسٹریٹ نے ضلع اردو زبان سیل، تمام اساتذہ، ملازمین، منتظمین اور ان والدین کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں تعاون کیا اور اپنے بچوں کو تعلیم و صلاحیت کے اظہار کے لیے حوصلہ دیا۔انہوں نے کہا کہ محنت اور صلاحیت ہی انسان کی اصل پہچان ہوتی ہے۔ طلبہ کو چاہیے کہ وہ اعتماد کے ساتھ اپنی بات رکھیں اور یہ ثابت کریں کہ دربھنگہ کے نوجوان کسی بھی میدان میں پیچھے نہیں ہیں۔پروگرام کی نظامت اردو مترجم ضلع اردو زبان سیل دربھنگہ ڈاکٹر جسیم الدین نے انجام دی۔اس موقع پر ضلع مجسٹریٹ نے منصفین کے فرائض انجام دینے والے اساتذہ کو مومنٹو دے کر اعزاز سے نوازا۔