تاثیر 23 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 23/ مئی (تاثیر بیورو) معروف کمپنی ڈاکٹر چوائس اور بھارت چیمبر آف کامرس کے اشتراک سے “صاف ہاتھ، صاف پاٹ” مہم کے پہلے مرحلے کی کامیاب تکمیل عمل میں آئی۔ اس مہم کا مقصد کولکاتا کے اسٹریٹ فوڈ فروشوں میں صفائی، محفوظ غذائی طریقوں اور صحت عامہ سے متعلق بیداری پیدا کرنا تھا۔
دو ماہ تک جاری رہنے والی اس مہم میں شہر کے مختلف علاقوں کے 1200 سے زائد اسٹریٹ فوڈ فروشوں نے حصہ لیا۔ ورکشاپس میں فروشوں کو صفائی ستھرائی، محفوظ خوراک کی تیاری، کچرے کے بہتر انتظام اور صارفین کی صحت کے تحفظ سے متعلق عملی تربیت دی گئی۔
تقریب میں سرگرم حصہ لینے والے 30 سے زائد فروشوں کو اعزاز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر کے سی داس کے مالک دھیمان داس، نواب واجد علی شاہ کے پڑپوتے شہنشاہ مرزا، فوڈ ہسٹورین کمال بنرجی اور دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔
ڈاکٹرس چوائس کے عہدیداران نے کہا کہ کولکاتا کی اسٹریٹ فوڈ ثقافت شہر کی شناخت کا اہم حصہ ہے، اس لیے ضروری ہے کہ حفظانِ صحت کے بہتر اصولوں کو فروغ دیا جائے تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک فراہم ہو سکے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اس مہم کا دوسرا مرحلہ جون 2026 سے شروع کیا جائے گا۔

