مدھیہ پردیش کے پنا میں کھدائی کے دوران کنواں دھنسنے سے ملبے میں دبے پانچ مزدوروں کی موت

تاثیر 26 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

پنا، 26 مئی:مدھیہ پردیش کے ضلع پنا کے اجے گڑھ ترقیاتی بلاک میں گرام بیہر پوروا کے نیا پوروا میں منگل کے روز ایک کھیت پر کنوئیں کی کھدائی کے دوران اچانک مٹی دھنس گئی۔ اس حادثے میں ملبے میں دبے پانچ مزدوروں کی موت ہو گئی۔ مرنے والوں میں تین مزدور ایک ہی خاندان کے ہیں۔
گرام بیہر پوروا کے نیا پوروا کے رہنے والے بنو اہیروار کے کھیت پر تقریباً 10 دنوں سے سات مزدور کنوئیں کی کھدائی کا کام کر رہے تھے۔ منگل کی صبح قریب 10 بجے دو مزدور پانی پینے کے لیے کنوئیں سے باہر نکل کر اوپر آئے تھے۔ ان کے اوپر پہنچتے ہی کنوئیں کی کمزور اور گیلی مٹی اچانک بھر بھرا کر نیچے ڈھے گئی۔ اس سے کنوئیں کے اندر گہرائی میں کام کر رہے پانچ مزدور ملبے کے نیچے پوری طرح دب گئے۔
گاوں والوں نے فوراً انتظامیہ کو اطلاع دی اور جے سی بی منگا کر مزدوروں کو نکالنے کی کوشش کی۔ اطلاع ملنے پر پولیس انتظامیہ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور راحت و بچاو مہم شروع کی۔ بچاو ٹیم نے کافی مشقت کے بعد پانچوں مزدوروں کی لاشیں ایک ایک کر کے باہر نکال لیں اور انہیں پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیج دیا۔مرنے والوں کے نام آشیش یادو، راج کمار یادو، رام پال یادو، چنو یادو اور چنواد پال بتائے گئے ہیں۔ ان میں ا?شیش، راج کمار، رام پال اور چنو یادو ایک ہی خاندان کے ارکان ہیں۔