ٹریلر اور انووا کار میں ٹکر ،چار افراد جاں بحق، تین زخمی

تاثیر 26 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

بارہ بنکی، 26 مئی: اترپردیش میں بارہ بنکی ضلع کے حیدر گڑھ تھانہ علاقے میں پیر کی دیر رات سڑک حادثہ میں چار لوگوں کی موت ہو گئی اور تین دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں علاج کے لیے اعلیٰ مرکز کے لئے ریفر کر دیا گیا ہے۔
یہ حادثہ حیدر گڑھ علاقے میں سلطان پور لکھنؤ ایکسپریس وے پر بھیکھرا گاؤں کے قریب کل دیر رات 2 بجے کے قریب پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ ایک انووا کار میں سات افراد قینچی دھام درشن کے لیے جا رہے تھے۔ اسی دووران سلطان پور سے لکھنؤ جانے والے ٹریلر میں پیچھےسے انووا کار تیزی سے جاٹکرائی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ انووا کے اگلے حصے کے پرخچے اڑ گئے۔
حادثے میں 29 سالہ راہل کمار ساکن مغل سرائے، چندولی ضلع، 30 سالہ راہل سنگھ ساکن گیبی پور، ضلع غازی پور، 30 سالہ ستیم سنگھ ساکن رام پور راسڑا، ضلع بلیااور 31 سالہ سورج مشرا ساکن نکس پور تھانہ،ضلع سلطان پور کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ پنکج، پرشانت اور چندن شدید زخمی ہوگئے۔