تاثیر 19 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سیتامڑھی: (مظفر عالم)
حکومتِ بہار کے عزم “سب کا احترام، زندگی آسان” کو عملی جامہ پہنانے کے تحت 19 مئی کو ضلع سیتامڑھی کی 30 پنچایتوں میں پہلی مرتبہ پنچایت سطحی تعاون کیمپ کا انعقاد عمل میں آیا۔ وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کی ہدایت کی روشنی میں منعقد اس خصوصی مہم میں عوامی مسائل کے فوری اور مؤثر ازالے کی کوشش کی گئی۔ کیمپ میں آنے والے سائلین سے تحریری درخواستیں وصول کی گئیں اور یقین دہانی کرائی گئی کہ درخواست درج ہونے کی تاریخ سے 30 دن کے اندر اندر اس کا تصفیہ کرکے تفصیلات تعاون پورٹل پر فراہم کردی جائیں گی۔ ضلع مجسٹریٹ کی نگرانی میں کیمپ کے کامیاب انعقاد کے لیے تعاون سیل قائم کیا گیا تھا، جس کے تحت 40 نوڈل افسران کی تقرری عمل میں آئی۔ سب ڈویژن سطح پر ایس ڈی او جبکہ بلاک سطح پر بی ڈی او اور سی او کو نوڈل افسر نامزد کیا گیا تھا۔
* *شاندار عوامی شرکت، سخت دھوپ بھی حوصلہ نہ توڑ سکی*
نانپور بلاک کی باتھ اصلی پنچایت میں واقع اپگریڈڈ ہائر سیکنڈری اسکول +2 کے احاطے میں منعقد تعاون کیمپ میں سیکڑوں افراد نے اپنی شکایت اور مسائل سے متعلق درخواستیں جمع کرائیں۔ شدید گرمی اور تیز دھوپ کے باوجود عوام گھنٹوں اپنی باری کے انتظار میں کھڑے رہے۔ کیمپ میں راشن کارڈ، پنشن، پردھان منتری آواس یوجنا، منریگا، اراضی تنازع، داخل خارج، حد بندی، ذات، آمدنی اور رہائش سرٹیفکیٹ، بجلی، پانی، سڑک، تعلیم اور صحت سے متعلق معاملات کی سماعت کی گئی
نوڈل افسر و حلقہ افسر نانپور کی بھرپور تشہیر کا اثر یہ رہا کہ بڑی تعداد میں لوگ کیمپ تک پہنچے۔
سینئر ڈپٹی کلکٹر سیتامڑھی نے کہا کہ پہلے عوام کو بلاک اور سب ڈویژن دفاتر کے مسلسل چکر لگانے پڑتے تھے، لیکن اب افسران خود پنچایت میں بیٹھ کر عوامی مسائل کا ازالہ کر رہے ہیں۔
پنچایت مکھیا وپن کمار نے حکومتِ بہار کے اس اقدام کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے غریب اور ضرورت مند عوام کو براہِ راست فائدہ حاصل ہوگا۔
پروگرام میں نوڈل افسر و حلقہ افسر چندن کمار، سینئر ڈپٹی کلکٹر نشیکانت، ریتو راج آنند، پنچایت سیکریٹری پردیپ کمار، سی ڈی پی او رمبھا کماری، محکمۂ بجلی کے دھیرج کمار، بلاک کوآرڈینیٹر وجے رام، نہا پریا، نیرج کمار، مکھیا وپن کمار، امتیاز انصاری، قمر رضا سمیت کئی معزز شخصیات شریک رہیں۔

