تاثیر 13 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 13 مئی : کانگریس کے جنرل سکریٹری (مواصلات) جے رام رمیش نے قبائلی امور کے مرکزی وزیر جوئل اورام کو خط لکھ کرگریٹ نکوبار میگا انفراسٹرکچر پروجیکٹ میں جنگلات کے حقوق قانون 2006 کی مبینہ خلاف ورزیوں کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کو آگے بڑھانے کے لیے قبائلی برادریوں کے حقوق اور قانونی طریقہ کار کو نظر انداز کیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ اس سال یکم مئی کو مرکزی حکومت نے اپنے ’’گریٹ نکوبار پروجیکٹ: ایف اے کیو (اکثر پوچھے گئے سوالات)‘‘ میں دعویٰ کیا کہ اس پروجیکٹ نے قبائلی برادریوں کے تحفظ کے لیے تمام قانونی طریقہ کار اور پالیسی کی دفعات پر عمل کیا ہے۔ انہوں نے اسے مکمل طور پر غلط قرار دیا اور قبائلی امور کی وزارت سے اس معاملے میں فوری مداخلت کرنے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ جنگلات کے حقوق ایکٹ 2006 کے تحت گرام سبھا کی رضامندی لازمی ہے۔گرام سبھا کو جنگلاتی زمین ڈائیورزن سے متعلق تجاویز پر غور کرنا ہوتا ہے ، اس بات کی تصدیق کرنی ہوتی ہے کہ متعلقہ برادریوں کے حقوق کا تصفیہ ہو چکا ہے اور اس کے بعد ہی رضامندی دی جا سکتی ہے۔ سپریم کورٹ نے بھی نیامگیری معاملے میں اس عمل کو لازمی تسلیم کیا تھا۔

