تاثیر 13 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
گروگرام، 13 مئی: این ای ای ٹی-یوجی پیپر لیک معاملے میں، راجستھان کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی ) کی ایک ٹیم نے منگل کو آدھی رات کے قریب گروگرام کے فرخ نگر علاقے کے خرم پور گاؤں میں چھاپہ مارا اور ایم بی بی ایس کے طالب علم یش کو حراست میں لے لیا۔ ایس او جی کو شبہ ہے کہ یش پیپر لیک نیٹ ورک کا ایک فعال رکن ہوسکتا ہے اور اس نے مرکزی گینگ اور امیدواروں کے درمیان کلیدی لنک کے طور پر کام کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق، ایس او جی ٹیم کو تکنیکی معلومات اور خفیہ اطلاع ملی، جس کی بنیاد پر انہوں نے گاؤں میں رات گئے کارروائی کی ۔ یش اس وقت اپنے گھر پر موجود تھا۔ ٹیم نے پہلے اس سے گھر میں پوچھ گچھ کی اور بعد میں اسے اپنے ساتھ لے گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ اب راجستھان میں درج مقدمات کی بنیاد پر اس سے مکمل پوچھ گچھ کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ایجنسیوں کو شبہ ہے کہ یش کو امتحان سے قبل سوالیہ پرچہ یا اس کے جوابات موصول ہوئے اور پھر اس نے انہیں نیٹ ورک کے دوسرے لنکس پر منتقل کردیا۔ ٹیم اب اس کے موبائل فون، کال ڈیٹیل ریکارڈ، بینک اکاؤنٹس اور رابطوں کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ پیپر لیک سے متعلق مالی لین دین اور دیگر ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کیے جاسکیں۔

