مُتھوٹ فنانس لمیٹڈ کے شیئر بازار میں 15 سال مکمل، مارکیٹ کیپ 1.5 لاکھ کروڑ روپے کے پار

تاثیر 12 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 12/ مئی (تاثیر بیورو) متھوت فنانس لمیٹڈ نے بھارتی شیئر بازار میں فہرست بند ہونے کے 15 سال مکمل کر لیے ہیں۔ اس موقع پر کمپنی نے اپنی شاندار ترقی اور مالی کامیابیوں کو اجاگر کیا۔
سال 2011 میں لسٹنگ کے وقت کمپنی کا مارکیٹ کیپ تقریباً 60 ارب روپے تھا، جو اب بڑھ کر 1.5 لاکھ کروڑ روپے سے تجاوز کر چکا ہے۔ کمپنی کو گزشتہ دس برسوں سے ملک کا سب سے قابلِ اعتماد مالیاتی برانڈ بھی قرار دیا جا رہا ہے۔
مُتھوٹ فنانس اس وقت روزانہ ڈھائی لاکھ سے زائد صارفین کو خدمات فراہم کر رہی ہے، جبکہ گروپ کی 7,500 سے زیادہ شاخیں ملک بھر میں کام کر رہی ہیں، جن میں اکثریت دیہی اور نیم شہری علاقوں میں واقع ہے۔ 31 دسمبر 2025 تک کمپنی کے مجموعی قرضہ جاتی اثاثے 1.6 لاکھ کروڑ روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے۔
اس تعلق سے کمپنی کے چیئرمین جارج جیکب مُتھوٹ نے کہا کہ ادارے کی کامیابی اعتماد، دیانت داری اور صارفین پر مرکوز خدمات کا نتیجہ ہے۔ وہیں منیجنگ ڈائریکٹر جارج الیگزینڈر مُتھوٹ نے کہا کہ 1.5 لاکھ کروڑ روپے کے مارکیٹ کیپ تک پہنچنا سرمایہ کاروں اور عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔
بتایا گیا ہے کہ کمپنی نے 2014 سے اب تک سماجی بہبود کے مختلف منصوبوں پر 500 کروڑ روپے سے زیادہ خرچ کیے ہیں، جن سے ملک بھر میں 50 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوئے ہیں۔