پینٹاگون کا جرمنی سے 5000 فوجی واپس بلانے کا فیصلہ

تاثیر 2 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن،02مئی:امریکی وزارت دفاع’پینٹاگان‘ نے کہا ہے کہ امریکہ جرمنی سے اپنے پانچ ہزار فوجی واپس بلا لے گا۔ یہ اقدام ایران جنگ کے حوالے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور یورپ کے درمیان بڑھتے ہوئے اختلافات کے تناظر میں نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (نیٹو) کے قریبی اتحادی کی ایک طرح سے امریکی سرزنش معلوم ہوتا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اس ہفتے کے اوائل میں جرمن چانسلر فریڈرک میرٹس کے ساتھ جملوں کے تبادلے کے بعد فوجیوں کی تعداد میں کٹوتی کی دھمکی دی تھی۔ میرٹس نے پیر کے روز کہا تھا کہ ایرانی، دو ماہ سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والے مذاکرات میں امریکہ کو ’ذلیل‘ کر رہے ہیں۔
پینٹاگان کے ترجمان شون بارنیل نے کہا کہ فوجیوں کی واپسی کا عمل آئندہ 6 سے 12 ماہ کے دوران مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ خطے کی ضروریات اور زمین پر موجود حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے یورپ میں وزارت کے زیر تعینات افواج کی پوزیشن کے جامع جائزے کے بعد کیا گیا ہے۔اپریل سنہ 2026ء کے وسط تک کے امریکی فوج کے اعداد و شمار کے مطابق یورپ میں تقریباً 86 ہزار فوجی تعینات ہیں جن میں سے 39 ہزار جرمنی میں ہیں۔ ان میں سے 5000 کی واپسی سے ان افواج کی تعداد میں تقریباً 13 فیصد کمی واقع ہوگی۔یہ صورتحال ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب جرمن وزیر خارجہ یوہان فادیفل نے اس بات پر زور دیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ زبانی حملوں کے باوجود جرمنی اور امریکہ کے تعلقات اب بھی مضبوط ہیں۔