چین کا ایران سے آبنائے کھولنے اور امریکہ سے بحری محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ

تاثیر 2 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

بیجنگ،02مئی:اقوام متحدہ میں چین کے سفیر فو کونگ نیصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران جنگ میں سیز فائر برقرار رکھنا ایک فوری ضرورت ہے، انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اگر سمندری گزرگاہ کی بندش جاری رہی تو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے رواں ماہ دورہ چین کے دوران آبنائے ہرمز کا معاملہ دو طرفہ مذاکرات کے ایجنڈے میں سرِ فہرست ہوگا۔اقوام متحدہ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے فو کونگ نے اس ضرورت پر زور دیا کہ آبنائے ہرمز کو جلد از جلد دوبارہ کھولا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین ان حالیہ بیانات پر سخت تشویش محسوس کر رہا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ سیز فائر عارضی ہے اور حملوں کے ایک نئے دور کی ضرورت ہے۔انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا: ’’ایران کو چاہیے کہ وہ آبنائے ہرمز پر عائد کردہ پابندیاں ختم کرے اور امریکہ کو اپنا بحری محاصرہ ختم کرنا چاہیے‘‘۔انہوں نے مزید کہا: ’’سب سے اہم معاملہ سیز فائر کو برقرار رکھنا ہے۔ جنگ بندی جاری رہنی چاہیے اور دونوں فریقین کے درمیان نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات ہونے چاہئیں‘‘۔انہوں نے مزید کہا: ’’میرا خیال ہے کہ یہ عالمی برادری کا فرض ہے کہ وہ متحرک ہو اور دوبارہ لڑائی شروع ہونے کے خلاف آواز بلند کرے‘‘۔