تاثیر 16 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
گوہاٹی، 16 مئی: آسام میں گزشتہ 72 گھنٹوں سے جاری تیز بارش اور طوفان نے زندگی کو بری طرح سے درہم برہم کر دیا ہے۔ بارش نے خاص طور پر وادی براک میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ مسلسل بارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے اور سڑکوں اور پلوں کو کافی نقصان پہنچا ہے۔
کچھار ضلع میں برکھلا ندی پر زیر تعمیر پل کا ایک حصہ اچانک منہدم ہو کر دریا میں گر گیا۔ یہ پل پورندر پور اور بدر پور کو جوڑنے کے لیے بنایا جا رہا تھا۔بتایا جا رہا ہے کہ تقریباً 10 کروڑ روپے کی لاگت سے اس پل کی تعمیر کی گئی تھی ۔ مسلسل بارش اور تیز بہاو کی وجہ سے پل کا بڑا حصہ گر گیا جس سے مقامی لوگوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔
دریں اثنا، پڑوسی ضلع ہیلاکاندی میں بھی قدرت کا قہر دیکھنے میں آیا۔ مسلسل موسلا دھار بارش کی وجہ سے پانچ گرام اور مکم کوٹی کو جوڑنے والا آر سی سی پل گر گیا۔ پل گرنے سے دونوں علاقوں کے درمیان رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، گزشتہ کئی روز سے جاری موسلا دھار بارش کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ زیادہ دباو¿ کی وجہ سے پل اچانک گر گیا۔ اس راستے پر منحصر کئی گاؤں کے ہزاروں لوگوں کی نقل و حرکت میں خلل پڑا ہے۔ گاو¿ں والوں کو اب آنے جانے میں کافی مشکلات کا سامنا ہے۔ خدشہ ہے کہ روزمرہ کی ضروریات اور ہنگامی خدمات بھی متاثر ہوں گی۔

