تاثیر 24 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کیئف،24مئی:یوکرینی دارالحکومت کیئف اور دیگر شہروں کو اتوار کے روز علی الصبح روس کی جانب سے میزائلوں اور ڈرونز کے ایک بڑے اور مشترکہ حملے کا نشانہ بنایا گیا جو گذشتہ کئی ہفتوں کے دوران ہونے والی شدید ترین فضائی ضربات میں سے ایک ہے۔العربیہ کے نامہ نگار نے مطلع کیا ہے کہ روس نے میزائلوں اور ڈرونز سے ایک شدید حملہ کیا ہے جس میں کیئف اور بیشتر یوکرینی شہروں کو نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ یوکرینی فوج نے اعلان کیا ہے کہ دارالحکومت پر بیلسٹک میزائلوں سے شدید بمباری کی جا رہی ہے۔ابتدائی معلومات کے مطابق روس نے اس حملے میں ڈرونز اور بیلسٹک میزائلوں کے امتزاج کے ساتھ ساتھ ہائپر سونک خنجر میزائل اور اوریشنک میزائل بھی استعمال کیے۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کی ایک خاتون صحافی کے مطابق حکام کی جانب سے روس کے ایک بڑے حملے کا الرٹ جاری کیے جانے کے بعد کییف میں یکے بعد دیگرے زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔کیئف کی فوجی انتظامیہ کے سربراہ تیمور تیاتشنیو نے ٹیلی گرام پر لکھا کہ دارالحکومت پر ایک بڑا بیلسٹک میزائل حملہ کیا جا رہا ہے، مزید حملوں کا بھی امکان ہے، لہذا آپ سب پناہ گاہوں میں رہیں۔یہ کشیدگی یوکرین کی ان تنبیہات کے بعد سامنے آئی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ ملک کے مشرقی حصوں میں کئی محاذوں پر لڑائی جاری رہنے کے سائے میں ماسکو بڑے پیمانے پر حملے کرنے کی تیاریاں کر رہا ہے۔یوکرینی حکام نے ابھی تک جانی نقصانات یا تباہی کے حجم کے بارے میں کوئی سرکاری اعداد و شمار جاری نہیں کیے ہیں جبکہ فضائی دفاعی نظام حملوں کی متواتر لہروں کا مقابلہ کرنے میں مصروف ہے۔

