تاثیر 6 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ،(فضاامام): ضلع مجسٹریٹ دربھنگہ جناب کوشل کمار کی ہدایت پر جاری “گیان بھارتَم مشن” کے تحت سلفیہ یونانی میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل میں مخطوطات کا سروے کیا گیا۔اس موقع پر ضلع فنون و ثقافت کے افسر جناب چندن کمار نے ادارہ پہنچ کر لائبریری میں محفوظ نایاب مخطوطات کا معائنہ کیا۔ کالج کے کتب خانے کے انچارج جناب عبدالکریم نے ادارے میں محفوظ سو سال سے زائد قدیم مخطوطات کی تفصیلی نمائش پیش کی۔ یہ مخطوطات اردو، عربی اور فارسی زبانوں میں تحریر شدہ ہیں، جو قدیم علمی روایت کی اہم وراثت ہیں۔ان میں “منطق” اور “سیدلہ” نامی قلمی کتابیں خاص طور پر قابلِ ذکر ہیں۔ “سیدلہ” نامی کتاب میں یونانی طریقۂ علاج کے تحت مختلف ادویات کی تیاری کے مفصل طریقے بیان کیے گئے ہیں، جو روایتی طبّی سائنس کے مطالعہ میں نہایت مفید ہیں۔سروے کے دوران گیان بھارتَم پورٹل پر مخطوطات سے متعلق ضروری اندراجات کو اپڈیٹ کیا گیا، جس میں ادارے کے آئی ٹی منیجر جناب عاطف فریدی نے اہم تعاون فراہم کیا۔معائنہ کے دوران کالج کی PSM شاخ کی جانب سے یونانی طریقۂ علاج کے ذریعے مختلف امراض کے علاج، بیماریوں کی روک تھام اور اوسط عمر میں اضافہ کے طریقوں سے متعلق معلومات بھی فراہم کی گئیں۔ اس کے علاوہ ادارے کے کتب خانے، لیبارٹریوں اور طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر ضلع فنون و ثقافت کے افسر نے کہا کہ اس طرح کے سروے سے نہ صرف قدیم مخطوطات کا تحفظ ممکن ہو رہا ہے بلکہ دربھنگہ ضلع کی مالا مال علمی روایت کو بھی دوبارہ زندہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع کے مختلف اداروں میں محفوظ دہائیوں پرانے علمی ذخیرے کو عوام تک پہنچانے کی یہ ایک اہم کوشش ہے۔قابلِ ذکر ہے کہ اس اقدام سے یہ واضح ہوتا ہے کہ دربھنگہ ضلع قدیم زمانے سے ہی علم، طب اور ثقافتی ورثہ کا ایک اہم مرکز رہا ہے۔

