تاثیر 21 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
پربھنی ، 20 جون :مہاراشٹر کے ضلع پربھنی کے مانوت تعلقہ کے یشواڑی گاؤں میں ہفتہ کے روز ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں زیرِ تعمیر ہنومان مندر کی چھت کا ایک حصہ اچانک منہدم ہو گیا۔ اس حادثے میں چار افراد کی موت ہو گئی جبکہ کم از کم 18 افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے تقریباً چھ افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی رکن اسمبلی راجیش توپی کر فوری طور پر موقع پر پہنچے اور امدادی و بچاؤ کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حادثے میں اب تک چار افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 18 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کا علاج مقامی اسپتالوں میں جاری ہے اور ضلع انتظامیہ، پولیس اور مقامی دیہاتی مشترکہ طور پر راحت و بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہیں۔
مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے اس سانحے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پربھنی ضلع کے یشواڑی گاؤں میں زیرِ تعمیر ہنومان مندر کی چھت کا حصہ گرنے سے بعض عقیدت مندوں کی جانیں ضائع ہو گئی ہیں، جو انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زخمیوں کا علاج جاری ہے جبکہ مقامی انتظامیہ کے افسران موقع پر موجود رہ کر امدادی اور بچاؤ کارروائیوں کو تیزی سے انجام دے رہے ہیں۔

