تاثیر 21 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
مہوا /ویشالی (شرافت خان): محرم الحرام کے پرامن اور خوشگوار انعقاد کو یقینی بنانے کے مقصد سے ہفتہ کے روز مہوا سب ڈویژنل دفتر میں امن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت سب ڈویژنل افسر وویک چندر پٹیل نے کی۔ اجلاس میں مہوا کے سرکل افسر منی ورما، پاتے پور کے سرکل افسر پربھات کمار سمیت سب ڈویژن کے تمام تھانہ انچارجز اور سرکل افسران شریک ہوئے۔ اس موقع پر سماجی کارکنان، دانشوران اور مختلف طبقات کے معزز افراد بھی موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سب ڈویژنل افسر نے کہا کہ محرم کا مقدس مہینہ امن، بھائی چارے اور باہمی ہم آہنگی کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے تمام تعزیہ کمیٹیوں اور منتظمین سے انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے اور نظم و ضبط برقرار رکھنے میں تعاون کی اپیل کی۔ اجلاس میں سکیورٹی انتظامات، جلوس کے راستوں، ٹریفک نظم و نسق اور حساس مقامات پر خصوصی نگرانی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ لوگوں سے اپیل کی گئی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع انتظامیہ کو دیں۔ اس موقع پر راشٹریہ جنتا دل کے رہنما سرفراز اعجاز، فضل امام سمیت متعدد معزز شہری، سماجی کارکنان اور امن کمیٹی کے ارکان موجود تھے۔ تمام لوگوں نے محرم کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے انتظامیہ کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

