زمین بچاؤ تحریک کا بڑا اعلان! 15 جون کے بعد عظیم مہاپنچایت، لینڈ پولنگ منصوبے کے خلاف عدالت جانے کی تیاری

تاثیر 10 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سیتامڑھی: (مظفر عالم)
 پُنورا زمین بچاؤ سنگھرش سمیتی نے اپنی جائزہ میٹنگ میں بڑا فیصلہ لیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 15 جون کے بعد متاثرہ گاؤں میں وسیع عوامی رابطہ مہم چلائی جائے گی اور ایک عظیم مہاپنچایت منعقد کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی مجوزہ لینڈ پولنگ اسکیم کو “کالا قانون” قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف ہائی کورٹ میں قانونی لڑائی لڑنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
پُنورا میں منعقدہ اجلاس کی صدارت سمیتی کے کنوینر سنتوش کمار سنگھ نے کی۔ اجلاس میں حالیہ احتجاجی تحریک کا جائزہ لیا گیا اور مقامی رکن اسمبلی سنیل کمار پنٹو کی جانب سے تحریک کی کھل کر حمایت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا گیا۔ سمیتی کے مطابق یکم جون کو ضلع کلکٹریٹ کے گھیراؤ اور احتجاج کے دوران رکن اسمبلی کو یادداشت پیش کی گئی تھی، جس پر انہوں نے عوام کی زمین اور حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کا یقین دلایا تھا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ رکن اسمبلی نے بہار کے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرکے پُنورا علاقے کے عوام کے خدشات اور مسائل سے انہیں آگاہ کیا ہے اور فوری حل کا مطالبہ کیا ہے۔ سمیتی نے واضح کیا کہ اگر حکومت نے عوامی مطالبات کو نظر انداز کیا تو تحریک کو مزید وسیع اور مضبوط بنایا جائے گا۔ اجلاس کے اختتام پر کسانوں، مزدوروں، خواتین اور تحریک سے وابستہ تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے زمین بچاؤ مہم کو فیصلہ کن مرحلے تک پہنچانے کا عزم دہرایا گیا۔