چھتیس گڑھ بورڈ میں ٹاپ 10 میں جگہ بنا کر مظفرپور کا نام روشن

تاثیر 10 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

مظفرپور: (نزہت جہاں)
محنت، لگن اور بلند حوصلوں کی بدولت بہار کے ضلع مظفرپور کے سکرا بلاک کے گاؤں رگھوناتھ پور دونما (دنواں نارتھ) کی رہنے والی ہونہار طالبہ آفیہ خاتون نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے چھتیس گڑھ بارہویں جماعت کے بورڈ امتحان میں 96.6 فیصد نمبر حاصل کیے اور پوری ریاست میں نویں مقام حاصل کیا۔ آفیہ کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے مظفرپور اور بہار کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کی اس غیر معمولی کامیابی پر چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ نے انہیں دو لاکھ روپے بطور انعام دے کر اعزاز سے نوازا، جو ان کی انتھک محنت اور شاندار کارکردگی کا اعتراف ہے۔
آفیہ کے والد محمد انور نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بیٹی نے دن رات محنت کرکے یہ مقام حاصل کیا ہے۔ انہوں نے چھتیس گڑھ حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہاں باصلاحیت طلبہ کی مسلسل حوصلہ افزائی کی جاتی ہے، جس سے بچوں میں آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔
آفیہ کی اس کامیابی سے ان کے اہلِ خانہ، گاؤں دنواں نارتھ، عزیز و اقارب اور پورے علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ لوگ انہیں مبارکباد پیش کر رہے ہیں اور ان کے روشن مستقبل کے لیے دعاگو ہیں۔
آفیہ خاتون کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ خواب بڑے ہوں، ارادے مضبوط ہوں اور مسلسل محنت کی جائے تو ہر منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔ ان کی یہ کامیابی ملک کی ہر بیٹی کے لیے ایک روشن مثال اور نئی امید کا پیغام ہے۔