نوئیڈا میں ایک سوسائٹی کے فلیٹ کے چھجے کا پلستر گرنے سے بائیک سوار کی موت

تاثیر 07 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نوئیڈا، 7 جون: اتر پردیش کے نوئیڈا میں تھانہ بیسرکھ علاقے میں واقع ایک سوسائٹی میں رہنے والے 46 سالہ شخص کی موٹر سائیکل بے قابو ہو کر گر گئی۔ ان کا سر دیوار سے ٹکرایا۔ انہیں سنگین حالت میں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کی موت ہو گئی۔ دوسری طرف سوسائٹی کے لوگوں کا کہنا ہے کہ جب وہ سوسائٹی سے باہر نکل رہے تھے تو سوسائٹی کے چھجے کا پلستر ٹوٹ کر ان کے اوپر گرا، جس کی وجہ سے ان کا توازن بگڑا اور ان کی بائیک گر گئی۔
پولیس کمشنر محترمہ لکشمی سنگھ کے میڈیا انچارج نے بتایا کہ تھانہ بیسرکھ علاقے کے تحت ا?نے والی اریہنت امبر سوسائٹی میں رہنے والے وکاس چاولہ ولد رویندر چاولہ، عمر 46 سال، ہفتے کی دیر رات اپنی موٹر سائیکل پر سوار ہو کر سوسائٹی سے باہر نکل رہے تھے۔ ان کی موٹر سائیکل بے قابو ہو کر گر گئی، جس سے ان کا سر دیوار سے جا ٹکرایا اور وہ شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع پر موقع پر پہنچی پولیس مزید قانونی کارروائی کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس معاملے میں اگر متوفی کے اہل خانہ کوئی شکایت کریں گے تو پولیس معاملے کی جانچ کرے گی۔