بہار کے سیوان میں بیرون ملک سے لوٹے ایک نوجوان کی لاش ملی

تاثیر 20 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سیوان، 19 جون:سیوان ضلع کے نبی گنج تھانہ علاقے کے لکڑی گاؤں میں مشتبہ حالات میں بیرون ملک سے لوٹے نوجوان کی لاش ملنے سے علاقے میں کہرام مچ گیا۔ لاش ان کے گھر سے کچھ فاصلے پر برآمد ہوئی۔ متوفی کی شناخت قمر عالم کے نام سے ہوئی ہے جو گاؤں کے رہائشی زین الدین کا اکلوتا بیٹا تھا۔ جسم پر پائے گئے گہرے زخموں نے قتل کے شبہات کو مزید ہوا دی ہے۔
اہل خانہ کے مطابق قمر عالم جمعرات کی رات ایک فون آنے کے بعد موٹر سائیکل پر گھر سے نکلا۔ کافی دیر تک واپس نہ آنے پر تلاش شروع کی گئی۔ اس دوران گاؤں میں اس کے گھر سے کچھ ہی فاصلے پر اس کی لاش اور موٹر سائیکل مشکوک حالت میں پڑی ہوئی ملی۔ جسم پر کئی شدید زخم پائے گئے، جس کی وجہ سے اہل خانہ کو شبہ ہوا کہ اسے مار پیٹ کر ہلاک کیا گیا ہے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اہل خانہ میں کہرام مچ گیا۔ بیرون ملک سے واپس آنے والے اپنے اکلوتے بیٹے کی موت پر والدین اور لواحقین کا رو رو کر برا حال ہے۔ اس واقعہ کے بعد پورے گاؤں میں غم اور غصہ ہے۔