تاثیر 01 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
لندن، یکم جون :انگلینڈ کے سابق مڈفیلڈر جیمز ملنر نے 40 سال کی عمر میں پیشہ ور فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان کے 24 سال پر محیط پریمیئر لیگ کیریئر کا بھی اختتام ہو گیا۔ ملنر نے 2019 میں یو ای ایف اے چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل جیتنے میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔
پچھلے تین سیزنز سے وہ برائٹن اینڈ ہوو البیون کا حصہ تھے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز اپنے بچپن کے پسندیدہ کلب لیڈز یونائیٹڈ سے کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے مانچسٹر سٹی اور لیورپول کے لیے کھیلتے ہوئے تین پریمیئر لیگ ٹائٹلز جیتے، جن میں دو ٹائٹلز مانچسٹر سٹی اور ایک لیورپول کے ساتھ شامل ہے۔
فروری 2026 میں برائٹن کی جانب سے برینٹفورڈ کے خلاف کھیلتے ہوئے انہوں نے پریمیئر لیگ میں سب سے زیادہ میچ کھیلنے کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا اختتام 658 پریمیئر لیگ میچز کے ساتھ کیا۔
ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے جیمز ملنر نے انسٹاگرام پر لکھا:‘‘پریمیئر لیگ میں 24 سیزنز کھیلنے کے بعد مجھے لگتا ہے کہ اب اپنے کھیل کے کیریئر کو ختم کرنے کا صحیح وقت آ گیا ہے۔ 16 سال کی عمر میں لیڈز یونائیٹڈ کے لیے ڈیبیو کرنے اور پریمیئر لیگ کا سب سے کم عمر گول اسکورر بننے کے بعد میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میری یہ سفر اتنی شاندار ہوگی۔’’

