تاثیر 03 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سنگھواڑہ دربھنگہ (محمد مصطفیٰ)قومی شاہرہ 27 (این ایچ-27) کو تجاوزات سے پاک بنانے کے لیے بدھ کے روز انتظامیہ کی جانب سے خصوصی مہم چلائی گئی۔ ضلع مجسٹریٹ کی ہدایت پر این ایچ اے آئی، ضلعی انتظامیہ اور پولیس انتظامیہ کی مشترکہ ٹیم نے سمری تھانہ علاقے کے اتر بیل سے سمری چوک تک سڑک کے کنارے قائم تجاوزات کو ہٹانے کی کارروائی کی یہ مہم ضلع ہائی وے سیفٹی ٹاسک فورس کی میٹنگ میں لیے گئے فیصلے کے تحت چلائی گئی۔ کارروائی کے دوران افسران نے سڑک کنارے قائم عارضی اور مستقل تجاوزات کی نشاندہی کرتے ہوئے متعلقہ افراد کو فوری طور پر انہیں ہٹانے کی ہدایت دی۔ زمین کی پیمائش اور حد بندی کے بعد تجاوز شدہ علاقوں کو خالی کرانے کے لئے وقت دیا گیا ہے اس مہم میں ضلع ٹرانسپورٹ افسر وویک چندر پٹیل، اے ایس آئی شیوانی کماری، سی او نہا کماری، ہائی وے ڈی پی ایم رندھیر سنگھ سمیت متعدد انتظامی افسران اور اہلکار موجود تھے۔ اس کے علاوہ سمری تھانہ صدر اروند کمار، ایڈیشنل تھانہ انچارج ششی شنکر اور بڑی تعداد میں پولیس اہلکار بھی تعینات تھے
افسران نے بتایا کہ کارروائی سے قبل مائیکنگ کے ذریعے لوگوں کو خود اپنی تجاوزات ہٹانے کی ہدایت دی گئی تھی، لیکن اس کے باوجود کئی افراد نے تجاوزات نہیں ہٹائیں، جس کے بعد انتظامیہ کو کارروائی کرنی پڑی
انتظامیہ نے واضح کیا کہ سڑک کی حفاظت اور ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے مقصد سے این ایچ-27 کو مکمل طور پر تجاوزات سے پاک بنانے کی مہم آئندہ بھی جاری رہے گی۔ شاہراہ کے کنارے غیر قانونی پارکنگ، عارضی دکانوں اور دیگر رکاوٹوں کے خلاف بھی مسلسل کارروائی کی جائے گی تاکہ آمد و رفت کو محفوظ اور آسان بنایا جا سکے۔

