تاثیر 11 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 11 جون: قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی) نے آندھرا پردیش میں راشٹریہ اسپات نگم لمیٹڈ کے وشاکھاپٹنم اسٹیل پلانٹ میں ہونے والے حادثے کا از خود نوٹس لیا ہے۔ پیر 8 جون کو ہونے والے اس حادثے میں آٹھ کارکنان ہلاک اور چھ دیگر شدید زخمی ہو گئے تھے۔ انسانی حقوق کمیشن نے ریاست کے چیف سکریٹری کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں کے اندر تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔
کمیشن کے مطابق مزدور یونین نے انتظامیہ پر اس واقعے کے سلسلے میں حفاظتی ضوابط کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا ہے۔ کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ طلب کی گئی رپورٹ میں زخمی کارکنوں کی صحت اور انہیں اور مرنے والوں کے اہل خانہ کو دیئے گئے معاوضے کے بارے میں تفصیلات شامل کی جائیں۔

