تاثیر 28 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سہرسہ(سالک کوثر امام)مشرقی وسطی ریلوے کے ڈویژنل ریلوے منیجر جیوتی پرکاش مشرا ہفتہ کے روز خصوصی ٹرین کے ذریعے سہرسہ جنکشن پہنچے، جہاں انہوں نے ریلوے افسران اور ملازمین کے ساتھ ایک اہم جائزہ میٹنگ کی۔
اس کے بعد ڈی آر ایم نے سہرسہ ریلوے اسٹیشن، یارڈ اور دیگر ریلوے احاطوں کا معائنہ کرتے ہوئے جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ معائنے کے دوران انہوں نے پٹنہ سے سہرسہ کے درمیان نائٹ ٹرین چلانے کے مطالبے پر کہا کہ اس سلسلے میں تجویز پہلے ہی ریلوے وزارت کو بھیجی جا چکی ہے۔ وزارت کی منظوری ملنے کے بعد ہی ٹرین چلانے کے بارے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
سہرسہ سے لہریاسرائے تک نئی ریلوے لائن بچھانے کی تجویز پر بھی بات ہوئی۔ ڈی آر ایم نے بتایا کہ یہ معاملہ فی الحال ریلوے بورڈ کے زیرِ غور ہے اور منظوری ملنے کے بعد ہی آئندہ کارروائی شروع ہوگی۔
انہوں نے سہرسہ ریلوے اسٹیشن پر جاری ری ماڈلنگ اور خوبصورتی کے کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ کام کی سست رفتاری پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ افسران اور تعمیراتی ایجنسی کو کام میں تیزی لانے کی سخت ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنا اولین ترجیح ہے۔
سہرسہ–مانسی ریلوے سیکشن کی ڈبل لائن منصوبے کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ اس کی تجویز پہلے ہی ریلوے بورڈ کو بھیجی جا چکی ہے۔ گزشتہ چھ ماہ کے دوران اس منصوبے پر نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور تکنیکی و مالیاتی پہلوؤں پر ماہرین کی رائے بھی حاصل کی جا چکی ہے۔
ڈی آر ایم نے امید ظاہر کی کہ ڈبلنگ منصوبے سے متعلق تمام ضروری مراحل تقریباً مکمل ہو چکے ہیں اور ریلوے بورڈ جلد ہی اس سمیت دیگر اہم منصوبوں پر حتمی فیصلہ کرے گا۔ ان کے دورۂ سہرسہ سے ریلوے سے وابستہ کئی اہم ترقیاتی منصوبوں کے جلد آگے بڑھنے کی امیدیں مزید مضبوط ہو گئی ہیں۔

