تاثیر 29 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
اجلاس میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ سمیت مستقبل کے منصوبوں کا بلیو پرنٹ بنایا گیا۔
ارریہ: (مشتاق احمد صدیقی) ارریہ ضلع کے نرپت گنج بلاک کے گرام پنچایت راج کھیرا گزشتہ کل پنچایت ڈیولپمنٹ ڈے پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا افتتاح ارریہ کے انچارج سکریٹری محمد سہیل نے شمع روشن کرکے کیا۔ اس میٹنگ میں پنچایت کے نمائندوں، عوامی نمائندوں، عہدیداروں اور گاؤں والوں کی موجودگی میں پنچایت کی ترقی سے متعلق مختلف موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز مہمانوں کے استقبال، وندے ماترم گانے اور چراغاں کرنے سے ہوا۔ اس کے بعد پنچایت کے مکھیا نے تمام مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ ای گرام سوراج اور ای پنچایت پورٹل پر لاگو کی گئی اسکیموں کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔ مالی سال کے دوران مختلف ذرائع سے موصول ہونے والے فنڈز اور اخراجات کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ پچھلے سال کے اخراجات اور موجودہ اسکیموں کے ساتھ ساتھ آنے والے منصوبوں کا خاکہ بھی زیر بحث آیا۔ اس میٹنگ میں ایل ایس ڈی جی تھیم 9 “خواتین دوست گاؤں”، گرام پنچایت کے آمدنی کے ذرائع میں اضافہ، وکاس بھارت گارنٹی کا موثر نفاذ، روزگار اور دیہی ذریعہ معاش مشن سمیت مختلف ترقیاتی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی پنچایتوں کی ویڈیوز بھی دکھائی گئیں۔ پروگرام کے دوران وزیر اعظم کی”من کی بات کی براہ راست نشریات کو اجتماعی طور پر سنا گیا۔ آخر میں، مالی سال 2026-27 کے لیے مختلف پنچایت اسکیموں کو منظوری دی گئی اور پروگرام کا اختتام بہار کے گیت کے ساتھ ہوا۔ پنچایت وکاس دیوس کے ذریعے گاؤں والوں کو ترقیاتی اسکیموں میں حصہ لینے، شفافیت اور پنچایتوں کو خود کفیل بنانے کا پیغام دیا گیا۔

