ایران نے دانستہ طور پر کویت ایئرپورٹ کو حملے کا نشانہ بنایا : امریکی فوج کا الزام

تاثیر 04 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن،04جون:امریکی فوج کے کے اعلان کے مطابق ایران کا یہ دعویٰ جھوٹا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نقصان ایک امریکی انٹرسیپٹر میزائل کی وجہ سے پہنچا۔ بدھ کے روز جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران نے ایک “جان بوجھ کر، سوچے سمجھے اور بلا جواز حملے” میں شہری ہوائی اڈے کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا۔ایرانی خبر رساں ایجنسی “تسنیم” نے پاسدارانِ انقلاب کے حوالے سے کہا تھا کہ اس نے کویت ایئرپورٹ پر حملہ نہیں کیا۔ مزید کہا گیا کہ ایئرپورٹ کے ٹرمینل بلڈنگ کو پہنچنے والا نقصان امریکی پیٹریاٹ سسٹمز کی غلطی کا نتیجہ ہے جو ایرانی میزائلوں کو روکنے میں ناکام رہے”۔
کویت پر ہونے والے ایرانی حملوں کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 63 زخمی ہوئے جب کہ کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نقصان پہنچا۔ اس کے علاوہ امریکی اور بحرینی فضائی دفاعی نظام نے بحرین پر اسی طرح کے حملوں کا مقابلہ کیا۔اس سے قبل پاسدارانِ انقلاب نے بدھ کے روز کویت اور بحرین پر حملے کی تصدیق کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ کویت میں علی السالم ایئر بیس، جہاں ان کے مطابق امریکی فوجی موجود ہیں اور بحرین میں امریکی پانچویں بحری بیڑے کے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ یہ اقدام آبنائے ہرمز میں ایک جہاز اور جزیرہ قشم پر امریکی حملے کے جواب میں کیا گیا۔کویتی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے اپنی سرزمین کو نشانہ بنانے والے 30 ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کا مقابلہ کیا۔ بیان میں مزید کہا گیا “اس ایرانی جارحیت کے نتیجے میں شہری اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جن میں کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ بھی شامل ہے جو مختصر وقت کے لیے بند رہا۔ اس کے نتیجے میں ایک بھارتی نڑاد رہائشی ہلاک ہو گیا”۔