ملکارجن کھرگے کو راجیہ سبھا میں دوبارہ اپوزیشن لیڈر مقرر کیا گیا

تاثیر 29 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 29 جون: کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے کو ایک بار پھر کرناٹک سے دوبارہ منتخب ہونے کے بعد راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر کے طور پر مقررکیا گیا ہے۔ راجیہ سبھا سکریٹریٹ کی طرف سے پیر کو جاری کردہ پارلیمانی بلیٹن کے مطابق راجیہ سبھا کے چیئرمین اور نائب صدر سی پی رادھا کرشنن نے انہیں ایوان میں قائد حزب اختلاف کے طور پر مقرر کیا ہے، جو 26 جون 2026 سے نافذ العمل ہے۔
پارلیمانی بلیٹن کے مطابق، کھرگے کی راجیہ سبھا کی پچھلی میعاد 25 جون کو ختم ہو گئی تھی، اور اس کے ساتھ ہی اپوزیشن لیڈر کے طور پر ان کی حیثیت بھی ختم ہو گئی تھی۔ کرناٹک سے راجیہ سبھا کے رکن کے طور پر دوبارہ منتخب ہونے کے بعد، انہیں ایک نئی مدت کے لیے اس عہدے کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔
اس سے پہلے پیر کو نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین سی پی رادھا کرشنن نے پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین کے چیمبر میں ملکارجن کھرگے کو راجیہ سبھا کے رکن کی حیثیت سے عہدے کا حلف دلایا۔ اس موقع پر مختلف پارٹیوں کے سینئر لیڈران موجود تھے، جن میں قائد ایوان اور مرکزی وزیر صحت اور خاندانی بہبود جے پی نڈا، پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو، راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش، کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی، اور رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا شامل تھے۔