پاکستان اور بنگلہ دیش کانگریس کے گناہوں کی وجہ سے بنے : یوگی آدتیہ ناتھ

تاثیر 29 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

پیلی بھیت، 29 جون: کانگریس اور سماج وادی پارٹی پر سخت حملہ کرتے ہوئے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کانگریس کے گناہوں کی وجہ سے بنے ہیں۔ بنگلہ دیش اور پاکستان کا قیام ضروری نہیں تھا۔ پاکستان کا قیام اقتدار کی ہوس کا نتیجہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایس پی کی ’سائیکل‘ چلتی رہے گی تو فسادات ہوتے رہیں گے۔
وزیر اعلیٰ یوگی پیر کو اتر پردیش کے پیلی بھیت ضلع میں 569 کروڑ روپے سے زیادہ کے 66 ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ایک اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مرکزی وزیر جتن پرساد اور یوپی کے وزیر مملکت برائے زراعت بلدیو سنگھ اولکھ اور دیگر بھی موجود تھے۔ یوگی نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کانگریس کے گناہوں کی وجہ سے بنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش اور پاکستان کا قیام ضروری نہیں تھا، پاکستان کا قیام اقتدار کی ہوس کا نتیجہ تھا۔ اگر اس وقت کی کانگریسی قیادت ثابت قدم رہتی تو جناح اپنے مقصد کو حاصل کیے بغیر اپنے انجام کو پہنچ جاتے اور ہندوستان کی تقسیم نہ ہوتی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لاکھوں ہندوؤں کا قتل عام کیا گیا اور انہیں ان کی آبائی زمینیں چھوڑنے پر مجبور کیا گیا۔ آزاد ہندوستان میں، انھوں نے یہ امید باندھی کہ انھیں اسی بنیاد پر پناہ ملے گی جس کی بنیاد پر تقسیم ہوئی تھی اور وہ عزت کی زندگی گزار سکیں گے۔