تاثیر 03 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 3 جون: جنوبی دہلی کے مالویہ نگر علاقے میں بدھ کی صبح ایک ریستوران میں زبردست آگ لگ گئی، جس سے بڑے پیمانے پرافراتفری مچ گئی۔ آگ نے تیزی سے پورے ریسٹورنٹ کو اپنی زد میں لے لیا۔ حادثے کے وقت تہہ خانے میں کئی لوگوں کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے، جس کے بعد فائر ڈپارٹمنٹ اور پولیس نے بڑے پیمانے پر بچاؤ اور راحت شروع کی۔
محکمہ فائر بریگیڈ کے مطابق، مالویہ نگر کے لیمن گرین ریسٹورنٹ میں صبح تقریباً 8:50 بجے آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ ابتدائی طور پر فائربریگیڈ کی چھ گاڑیوں کو جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا تھا۔ آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے کچھ دیر بعد فائر بریگیڈ کی اضافی گاڑیوں کو روانہ کیا گیا۔
صبح تقریباً 9:45 بجے، فائر حکام نے اعلان کیا کہ تہہ خانے میں پھنسے تین افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے۔ تینوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیےکیٹس ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ ریسکیو آپریشن کے دوران، فائر فائٹرز نے گھنے دھوئیں اور بلند درجہ حرارت پر قابو پانے کے لیے اندر موجود لوگوں کو نکالا۔

