موبائل چوری کے الزام میں قتل کا 24 گھنٹے میں انکشاف، ایک نامزد ملزم گرفتار

تاثیر 28 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

حاجی پور/ ویشالی (شرافت خان): ویشالی پولیس نے موبائل چوری کے الزام میں قتل کیے گئے سنتوش پاسوان کے موت کے معاملے کا محض 24 گھنٹوں کے اندر کامیاب انکشاف کرتے ہوئے ایک نامزد ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ واردات میں ملوث دو دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مسلسل چھاپہ ماری جاری ہے۔ اس سلسلے میں حاجی پور صدر-1 سب ڈویژنل پولیس آفیسر (SDPO) سبودھ کمار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 27 جون 2026 کو بیدوپور تھانہ علاقے کے رہنے والے سنتوش پاسوان کو موبائل چوری کے الزام میں بے دردی سے مار مارکر قتل کر دیا گیا تھا۔ مقتول کی اہلیہ کی تحریری درخواست پر صنعتی علاقہ تھانہ میں مقدمہ نمبر 96/2026 درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ معاملے کی سنگینی کے پیش نظر پولیس سپرنٹنڈنٹ ویشالی کی ہدایت پر ان کی قیادت میں صنعتی علاقہ تھانہ پولیس، ضلع انٹیلی جنس یونٹ اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم نے خفیہ اطلاعات، تکنیکی و سائنسی شواہد اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم پرنس کمار ولد برہم دیو سنگھ، ساکن پچیسکرووا، تھانہ صنعتی علاقہ، ضلع ویشالی کو گرفتار کر لیا۔ ایس ڈی پی او نے بتایا کہ دورانِ تفتیش گرفتار ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔ اس کی نشاندہی پر اس کے گھر کے قریب سے خون آلود مشتبہ کپڑے برآمد کیے گئے۔ اس کے علاوہ ایک موبائل فون اور مقتول کا گمچھا بھی ضبط کیا گیا، جنہیں اہم ثبوت کے طور پر محفوظ رکھا گیا ہے۔
سبودھ کمار نے مزید کہا کہ گرفتار ملزم کو عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے، جبکہ قتل کی واردات میں شامل دو دیگر فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے ممکنہ ٹھکانوں پر مسلسل چھاپہ ماری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ باقی ملزمان کو بھی جلد گرفتار کر کے مقدمے کا مکمل انکشاف کر لیا جائے گا۔