تاثیر 09 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
دھار، 9 جون: مدھیہ پردیش میں دھار ضلع کے راجود تھانہ علاقے کے جامپاڑہ گاؤں میں پیر کی رات خواتین کی جھگڑے پر بلائی گئی قبائلی برادری کی پنچایت اچانک پرتشدد تصادم میں تبدیل ہو گئی۔ حالات اس قدر بگڑ گئے کہ چار اور پانچ سال کی دو معصوم بہنوں کا مبینہ طور پر پانی کےحوض میں ڈبو کر قتل کر دیا گیا ۔ اس سنسنی خیز واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی کا ماحول ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 21 لوگوں کو حراست میں لیا ہے اور گاؤں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق، ہنومنتیہ گاؤں کی پنچایت کے سرپنچ کے ذریعہ ایک شادی شدہ خاتون کو اپنے ساتھ رکھنے کے الزامات کو لے کر طویل عرصے سے تنازعہ چل رہا تھا۔ اسی معاملے کو سلجھانے کے لیے خاتون کے سسرال والوں اور رشتہ دار پٹلاودیہ گاؤں سے جامپاڑہ پہنچے تھے۔ یہاں قریب کے ایک کرکٹ گراؤنڈ میں قبائلی روایت کے مطابق ایک سمجھوتہ میٹنگ منعقد کی گئی ، جس میں ہنومنتیہ گاؤں کے سرپنچ اور گاؤں والوں نے شرکت کی۔

