تاثیر 09 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کٹیہار، 09 جون: سوشل میڈیا پر جھوٹا رعب پیدا کرنے کے لیے جدید ترین ہتھیار اے کے-47کے ساتھ فرضی تصویر اور ویڈیو وائرل کرنے کے الزام میں کٹیہار ضلع پولیس اور ایس ٹی ایف نے دو نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔
گرفتار ملزمین کی شناخت محمد عرفان اور محمد منور کے نام سے ہوئی ہے۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ وائرل تصویر میں موجود ہتھیار اصلی نہیں تھا بلکہ اسے اے آئی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے بنایا گیا تھا۔ پولیس نے دونوں کے خلاف آرمس ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کر لی ہے۔
پولیس کے مطابق، انہیں اطلاع ملی کہ کرما ٹولہ کا ایک شخص اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ سوشل میڈیا پر غیر قانونی ہتھیار (اے کے -47) کے ساتھ تصویریں اور ویڈیو وائرل کر رہا ہے ۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے،کٹیہار کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کی ہدایت کے مطابق، سب ڈویژنل پولیس آفیسر (صدر-02) اور اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) پر مشتمل ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ای ٹی) تشکیل دی گئی۔ اس ٹیم نے تکنیکی تحقیق اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر کرم ٹولہ گاؤں میں وسیع چھاپے ماری کی اور دونوں افراد کو گرفتار کر لیا۔

