تاثیر 10 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 10 جون: مرکزی زراعت اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت کے 12 سال مکمل ہونے پر انہیں ہندوستان کے لیے بھگوان کا وردان قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے گزشتہ 12 برسوں میں ایک لمحے کے لیے بھی آرام نہیں کیا اور دن- رات ملک اور عوام کی خدمت میں لگے رہے ہیں۔ وزیر اعظم کا دور ترقی، عوامی بہبود اور قوم کی تعمیر کے حوالے سے بے مثال رہا ہے۔
مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے آج صبح یہاں ونے مارگ پر واقع ہنومان مندر میں پوجا کی اور وزیر اعظم نریندر مودی کی صحت مند، لمبی اور کامیاب زندگی کی دعا کی۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ ایک منتخب وزیر اعظم کے طور پر نریندر مودی سب سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والے وزیر اعظم ہیں اور ان کا دور اقتدار جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کے لیے عوام کے لیے کام کرنا ہی رام کاج ہے۔ ایک عام آدمی دن رات اتنی محنت نہیں کر سکتا ہے۔مہارشی اروند کے تصور کردہ ’اتی مانو‘قرار دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ مودی ملک کی فلاح و بہبود کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ پچھلے 12 برسوں میں ملک نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی ایسی رفتار دیکھی ہے جس کا پہلے تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا۔ وزیر اعظم نے خواتین، نوجوانوں، کسانوں اور غریبوں کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد اسکیمیں تشکیل دی ہیں اور ان پر مؤثر طریقے سے عمل درآمد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ایک دوراندیش قیادت کے مالک ہیں اور مستقبل کی ضروریات کو وقت سے پہلے سمجھ کر منصوبہ بندی کرتے ہیں۔ ملک کے مفاد میں ان کی سوچ اور کام کرنے کا انداز انہیں منفرد بناتا ہے۔ مودی مسلسل ملک اور اس کے شہریوں کے بارے میں سوچتے ہیں اور اپنے خیالات کو عملی جامہ پہنانے کے لیے تفصیلی اور پیشگی منصوبے تیار کرتے ہیں۔

