تاثیر 18 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 17 جون: کوٹا میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے طلبہ سے ڈائیلاگ پروگرام کو لے کر سیاسی بیان بازی اپنے عروج پر ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے راہل گاندھی پر سخت حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ وہ این ای ای ٹی امتحان سے صرف تین دن پہلے اس طرح کا پروگرام منعقد کرکے طلباء کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں۔ بی جے پی کے قومی ترجمان ڈاکٹر سدھانشو ترویدی نے بدھ کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ صرف تین دنوں میں این ای ای ٹی کا امتحان دوبارہ منعقد ہونے والا ہے۔ جب کہ تمام طلباء پوری لگن کے ساتھ امتحان کی تیاری کر رہے ہیں، حکومت انتہائی حساسیت اور چوکسی کے ساتھ پورے عمل کو منظم طریقے سے مکمل کرنے کے لیے کمر بستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں حکومت حساسیت کے ساتھ کام کرتی نظر آرہی ہے، وہیں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی چالاکی کا سہارا لیتے نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی ایک طالب علم کے طور پربھی ناکام رہے، جس کمپنی کے لیے انہوں نے کام کیا، اس میںبھی ناکام رہے، جس کمپنی کو وہ چلاتے تھے، اس میں بھی ناکام رہے اور ایک لیڈر کے طور پربھی ناکام رہے۔

