تاثیر 06 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
دہرادون، 6 جون: اتراکھنڈ میں انتظامیہ نے جمعہ کی رات دہرادون کی یمنا کالونی میں مبینہ طور پرسرکاری زمین پر بنائے گئے ایک مزار کو منہدم کردیا۔
انتظامیہ کے مطابق کالونی کے لوگوں کی شکایات کے بعد معاملے کی جانچ کی گئی۔ اس کے بعد، تقریباً ایک ماہ قبل ایک نوٹس چسپاں کیا گیا، جس میں متعلقہ فریقوں کو موقع دیا گیا کہ وہ خود غیر قانونی ڈھانچہ ہٹا دیں۔ مقررہ مدت ختم ہونے کے بعد گزشتہ رات ایک انتظامی ٹیم نے مسماری کی اور تجاوزات کو ہٹایا۔
سٹی مجسٹریٹ پرتیوش سنگھ نے بتایا کہ ضلع مجسٹریٹ آشیش چوہان کی ہدایات کے تحت سرکاری زمین پر تجاوزات کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے۔ اس مہم کے تحت میونسپل کارپوریشن، محکمہ آبپاشی اور پولیس انتظامیہ پر مشتمل ایک مشترکہ ٹیم نے سرکاری اراضی سے قبضوں کو ہٹایا۔
انہوں نے بتایا کہ کاروائی کے دوران جائے وقوعہ سے کوئی باقیات نہیں ملی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضے کے ارادے سے تعمیر کی گئی عمارتوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔

